دارجلنگ، 19؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )گورکھا جن مکتی مورچہ(جی جے ایم) نے آج مرکز کے تئیں اپنی شدید ناراضگی ظاہر کی اور بحران کی گھڑی میں دارجلنگ سے بی جے پی کے ایم پی ایس ایس اہلووالیہ کی غیر موجودگی پر سوال اٹھایا۔دارجلنگ سے ممبر اسمبلی اور جی جے ایم کے سینئر لیڈر امر سنگھ رائے نے کہاکہ اتحادی ساتھی بی جے پی کا کردار انتہائی مایوس کن اور افسوس ناک بات ہے، ہمیں مرکزی حکومت سے کچھ مثبت پہل کی توقع تھی، ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مرکز اور ریاستی حکومت نے ہمارا استعمال مہرے کی طرح کیاہے ۔ غورطلب ہے کہ جی جے ایم بی جے پی کی اتحادی پارتی ہے اور اسی کی مدد سے بھگوا پارٹی نے 2009اور سال 2014میں دارجلنگ لوک سبھا سیٹ جیتنے میں کامیابی حاصل کی تھی ۔رائے نے کہاکہ ہم مرکز کے ساتھ کبھی بھی بیٹھنے کو تیار ہیں، ریاست کے ساتھ شرط یہ ہوگی کہ اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر وہ تمام فورسز کو واپس بلائیں اور حالات کو معمول پر آنے دیں، پھر ہم بات چیت کے لیے بیٹھیں گے ، جس میں گورکھا لینڈ اہم ایجنڈا ہوگا۔ بی جے پی کے مقامی ایم پی ایس ایس اہلووالیہ کی غیر موجودگی پر سوال اٹھاتے ہوئے رائے نے کہا کہ یہ بہت ہی بدقسمتی کی بات ہے کہ بحران کی اس گھڑی میں انہوں نے اپنے حلقہ سے دور رہنے کا فیصلہ لیا۔رائے نے کہاکہ کہاں ہیں مسٹر اہلوالیہ؟ انہیں یہاں ہونا چاہیے تھا، سبھی کا یہی ماننا ہے، بحران کی اس گھڑی میں انہیں یہاں ہونا چاہیے تھا، ہمیں ان سے بہت زیادہ مایوسی ہوئی۔